سائنس و ٹیکنالوجی 40 گھنٹے بعد بند دل دوبارہ دھڑکنے لگا، چین میں غیر معمولی طبی واقعہ adminJuly 30, 2021067 مشاهدات عام طور پر اگر کسی انسان کی دل کی دھڑکن رک جائے اور فوری طور پر بحال نہ ہو تو اسے زندگی سے محروم سمجھ لیا جاتا ہے لیکن چین میں پیش آنے والا ایک واقعہ طبی دنیا کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔ صوبہ ژجیانگ میں ایک 40 سالہ شخص کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور اس کی حرکت قلب مکمل طور پر بند ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے روایتی طریقوں کے تحت برقی جھٹکے دے کر دل کو دوبارہ چلانے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی۔ صورتحال انتہائی نازک تھی اور بظاہر امید ختم ہوتی جا رہی تھی۔ ایسے میں طبی ٹیم نے ایک جدید مشین، ایکسٹراکورپورئیل ممبرین آکسیجینیشن کا سہارا لیا۔ یہ ٹیکنالوجی عارضی طور پر دل اور پھیپھڑوں کا کام سنبھالتی ہے اور جسم میں آکسیجن کی فراہمی کو برقرار رکھتی ہے۔ حیران کن طور پر اس شخص کا دل تقریباً 40 گھنٹے تک بند رہنے کے باوجود اسی معاونت کے ذریعے اس کی جان بچا لی گئی۔ ڈاکٹروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ اس دوران خون جمنے جیسے خطرات سے مریض کو محفوظ رکھا جائے جس کے لیے مسلسل نگرانی کی گئی۔ جب دل کی دھڑکن بحال ہوئی تو بھی احتیاط کے طور پر مریض کو مزید 10 دن تک اسی مشین سے منسلک رکھا گیا تاکہ جسم مکمل طور پر سنبھل سکے۔ تقریباً 20 دن کے علاج کے بعد مریض کی حالت میں واضح بہتری آئی اور وہ خود چل کر اسپتال سے رخصت ہو گیا۔ اس واقعے کو ڈاکٹرز نے غیر معمولی قرار دیا ہے تاہم ان کے مطابق جدید طبی سہولیات اور بروقت فیصلہ ہی اس کامیابی کی اصل وجہ بنے۔