سندھ میں امتحانات میں نقل کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ اور وزیر بورڈز و جامعات محمد اسماعیل راہو کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نقل میں ملوث طلبہ اور عملے کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

نئے ضوابط کے تحت امتحانی مراکز میں موبائل فون یا نقل کا مواد رکھنے والے طلبہ کو فوری طور پر امتحان سے نکال دیا جائے گا اور ان کے تمام پرچے منسوخ کر دیے جائیں گے۔ مزید برآں ایسے طلبہ کو آئندہ کسی بھی بورڈ امتحان میں شرکت کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔

صوبائی وزراء نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی انویجیلیٹر یا انتظامی افسر نقل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جرم ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق امتحانی مراکز میں نگرانی کا نظام مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ شفاف اور منصفانہ امتحانات کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related posts

سی ایس ایس امتحان 2025 کے نتائج: 12792 میں صرف 355 امیدوار کامیاب

سندھ میں ہندو طلبہ کے لیے مذہبی کتب کی اشاعت کا فیصلہ

تعلیمی بورڈز میں نتائج کی مبینہ تبدیلی، بڑے پیمانے پر کرپشن کے انکشافات