گوگل ٹرانسلیٹ نے 20 ویں سالگرہ پر جدید فیچر متعارف کرادیا

گوگل نے اپنی مشہور سروس ‘گوگل ٹرانسلیٹ’ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک جدید فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو انگلش سمیت دیگر زبانیں بولنے اور ان کا درست تلفظ سیکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

انٹرنیٹ سرچ انجن کے طور پر معروف گوگل اب باقاعدہ ایک لینگویج ٹیوٹر کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں صارفین کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے اس نئے ٹول کا استعمال کرسکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ ‘پروناؤنسیشن پریکٹس ٹول’ گوگل ٹرانسلیٹ کی اینڈرائیڈ ایپ میں دستیاب ہوگا۔ یہ ٹول ‘آسک اور انڈراسٹینڈ’ جیسے فیچرز پر مبنی ہے جو الفاظ کے تناظر اور متبادل ذرائع فراہم کرتا ہے۔ اس سسٹم میں اے آئی ٹیکنالوجی صارف کے بولے گئے الفاظ کا فوری تجزیہ کرتی ہے اور غلطی ہونے پر فی الفور فیڈ بیک فراہم کرتی ہے، جس سے صارفین کو حقیقی دنیا میں بات چیت کرنے کے لیے اعتماد اور درست تلفظ حاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر امریکا اور بھارت میں متعارف کرایا گیا ہے جس میں انگلش، ہندی اور اسپینش زبانوں کی سپورٹ دی گئی ہے۔ ایپ کے پریکٹس سیکشن میں ‘پروناؤنس’ کے نام سے موجود اس آپشن کو سلیکٹ کرنے پر ایپ صارف کی گفتگو سنتی ہے اور اس کی مہارت کا جائزہ لیتی ہے۔

گوگل کے مطابق ٹرانسلیٹ ایپ میں اب 250 کے قریب زبانوں کی سپورٹ موجود ہے اور اسے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد استعمال کر رہے ہیں۔

کمپنی نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا ہے کہ گزشتہ 20 سال کے دوران دنیا بھر میں گوگل ٹرانسلیٹ پر سب سے زیادہ ترجمہ کیا جانے والا جملہ ‘تھینک یو’ (شکریہ) رہا، جبکہ ‘ہاؤ آر یو’ دوسرے اور ‘آئی لو یو’ تیسرے نمبر پر رہا۔ ‘ہیلو’ اور ‘پلیز’ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے الفاظ رہے۔

Related posts

اے سی کی ٹھنڈک یا خاموش خطرہ؟ گردوں کی پتھری کے بڑھتے کیسز نے تشویش بڑھا دی

چینی کمپنی کی راکٹ بوسٹر گاڑی نے سب کو حیران کر دیا

ٹریفک جام کا حل، فضائی ٹیکسی نے گھنٹوں کا سفر منٹوں میں بدل دیا