عباس عراقچی نے اپنے دورہ اسلام آباد کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مثبت اور تعمیری مشاورت ہوئی۔ ماسکو پہنچنے پر ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ روس کے دورے پر علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کے لیے آئے ہیں جہاں آج ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات جنگ کی موجودہ صورتحال اور پیشرفت کا جائزہ لینے کا بہترین موقع ہوگی، اور دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی نہایت اہم ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ماضی کے واقعات اور ایران-امریکا مذاکرات کے ممکنہ تناظر کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمان کے دورے میں آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور عمان، دونوں ساحلی ممالک ہونے کے باعث اس اہم عالمی گزرگاہ سے متعلق قریبی مشاورت ناگزیر ہے خصوصاً ایسے وقت میں جب یہاں سے محفوظ آمد و رفت عالمی سطح پر اہم مسئلہ بن چکی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان اعلیٰ سطح کا اتفاق موجود ہے اور دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ماہرین کی سطح پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔