ٹریفک جام اور سڑکوں پر طویل سفر کے مسئلے کا ایک جدید حل سامنے آ گیا ہے جہاں الیکٹرک ایئر ٹیکسی نے گھنٹوں کے سفر کو چند منٹوں میں تبدیل کر دیا ہے۔
نیویارک میں فلائنگ ٹیکسی کا کامیاب تجربہ کیا گیا جس میں ایک آل الیکٹرک فضائی ٹیکسی نے مین ہٹن سے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک پرواز مکمل کی۔ یہ سفر عام طور پر سڑک کے ذریعے 45 منٹ سے ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے تاہم ایئر ٹیکسی نے یہی فاصلہ صرف 7 سے 10 منٹ میں طے کیا۔
یہ جدید ایئر ٹیکسی ایک چھوٹا الیکٹرک طیارہ ہے جو ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے اور مکمل طور پر بجلی سے چلتا ہے۔ اس میں بیک وقت چار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں شہری ٹرانسپورٹ کا نظام بدل سکتی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سہولت دنیا کے مختلف شہروں میں روزمرہ سفر کا حصہ بن جائے گی۔